• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر، چینی شہریوں کے قافلے پر حملہ، ایک زخمی، 2 بچے جاں بحق

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وزارت داخلہ کے مطابق گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے پر ایک بزدلانہ حملے میں پاکستان آرمی اور پولیس کے دستوں کی مربوط سیکورٹی کے ہمراہ چار گاڑیوں پر مشتمل چینی شہریوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق یہ واقعہ فشر مین کالونی کے قریب کوسٹل روڈ پر پیش آیا،چینی شہریوں کی گاڑیوں کا قافلہ جب فشر مین کالونی کے قریب پہنچا تو ایک نوجوان کالونی سے باہر بھاگا ہوا آیا۔

خوش قسمتی سے سادہ لباس میں پاکستان آرمی کے جوانوں نے اس نوجوان کو روکنے کی کوشش کی جس نے قافلے سے 15 سے 20 میٹر کے فاصلے پر اپنے آپ کو دھماکہ سے اڑا دیا، دھماکہ کے نتیجہ میں ایک چینی شہری زخمی ہوا، چینی شہری کی حالت ٹھیک ہے اور اسے قریبی گوادر ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بدقسمتی سے جائے وقوعہ پر کھیلنے والے دو معصوم بچے جاں بحق ہوئے جبکہ دیگر دو بچے شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پاکستان اور چین بدلتے ہوئے علاقائی حالات میں اپنے شہریوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے باہمی تعاون کو لاحق خطرات سے با خبر ہیں۔

حکومت پاکستان پہلے ہی اپنے چینی بھائیوں کی سیکورٹی کا جامع جائزہ لے رہی ہے اور ترقی کے اس سفر میں پاکستان میں ان کے محفوظ قیام کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

ہم اپنے چینی بھائیوں کو درپیش ان خطرات سے جامع طور پر نمٹنے کا اعادہ کرتے ہیں،اپنے چینی بھائی کے زخمی ہونے اور پاکستانی بچوں کی جانوں کے ضیاع پر ہم غمزدہ ہیں۔ 

دونوں ممالک اپنے تعاون اور دوستی کو کمزور کرنے والے عناصر کو شکست دینے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

تازہ ترین