• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا تعلق افغانستان سے ہے: عرشی خان

بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 میں چیلنجرز کی حیثیت سے قدم رکھنے والی متنازع کنٹسٹنٹ عرشی خان نے انکشاف کیا ہے کہ میرا تعلق پاکستان سے نہیں بلکہ افغانستان سے ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرشی خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی شہریت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جب لوگ مجھے سوشل میڈیا پر میری شہریت کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں تو مجھے تکلیف ہوتی ہے۔‘

عرشی خان نے کہا کہ ’بھارتی لوگ سمجھتے ہیں کہ میرا تعلق پاکستان سے ہے اور اس وجہ سے میرا کام بھی بہت متاثر ہوتا ہے جبکہ حقیقت میں میرا تعلق افغانستان سے ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں یہ بات واضح کردینا چاہتی ہوں کہ میں بھارتی شہری ہوں اور میرا شناختی کارڈ بھی بھارتی ہے لہٰذا مجھے میری شہریت کے حوالے سے تنقید کا نشانہ نہ بنائیں۔‘

عرشی خان نے کہا کہ ’ میرا تعلق افغانستان کے یوسف ظہیر پٹھان کے نسلی گروہ سے ہے، میرے دادا افغانستان سے ہجرت کرکے بھارت آئے تھے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے آباؤ اجداد افغانستان سے ہیں لیکن میں خود ایک بھارتی شہری ہوں۔‘

واضح رہے کہ بھارتی یومِ آزادی کے موقع پر عرشی خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی مشہور نظم ’لب پہ آتی ہے دُعا‘ پڑھ کر بھارتیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی تھی۔


اس پوسٹ کے بعد سے بھارتیوں کی جانب سے عرشی خان کو پاکستانی کہنا شروع کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل  عرشی خان نے اپنے  انٹرویو میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔

 عرشی خان نے کہا تھا کہ طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں موجود اپنے رشتہ داروں کے لیے بےحد پریشان ہوں۔

تازہ ترین