مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تین سال میں مالیاتی بوجھ بڑھتا جارہا ہے، گردشی قرض بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، یہ کیسی منیجمنٹ ہے؟
شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی قیمت بڑھ گئی، سبسڈیز میں کٹوتی ہوگئی، گردشی قرض بڑھ گیا چوری اور نااہلی اور کیا ہوتی ہے؟ عوام کو بجلی کی قیمت بھی زیادہ ادا کرنی پڑی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی کی رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ اور چشم کشا ہے، گردشی قرض دوگنے سے زیادہ ہو کر 2.5 کھرب ہوگیا ہے۔
صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ گردشی قرض صفر کرنے کے پی ٹی آئی کے دعوے منہ کے بل گر چکے ہیں، ڈیزل اور فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنے گی تو پھر گردشی قرض تو بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آزادجموں وکشمیر کو 27 ارب سبسڈی بھی نہیں دی، بجلی کے شعبے کا سارا ملبہ اور بوجھ عوام کے سر ڈال دیا ہے۔