مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا حکومتی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ حکومت نے 2018ء سے ملک پر معاشی اور اقتصادی تباہی مسلط کر رکھی ہے، ملکی قرضوں میں ایک کھرب سے زیادہ کا اضافہ ہو گیا ہے۔
احسن اقبال نے مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری اور عطا اللّٰہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ دو ماہ کے دوران روپے کی قدر میں بے پناہ کمی ہوئی، روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی کا بڑھنا لازم ہے، عوام کو صرف بدترین مہنگائی ملی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر ایک روپے ڈی ویلیو ہوتا تو نوے ارب روپے قرضوں کا بوجھ بڑھ جاتا ہے، گیارہ سو ستر ارب کا قرض بچوں کے کندھوں پر ڈال دیا گیاہے۔
احسن اقبال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے اپوزیشن کے خلاف کرپشن کا جھوٹا کیس بناتی ہے، کل شہباز شریف صاحب اور میرے خلاف ایک نیا اسکینڈل کھڑا کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کیس بنایا گیا ہے کہ انہوں نے میرے بھائی کو نوازا، آپ کے ہر کیس کو ہائیکورٹ نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، پچھلے تین سال سے ہمارے خلاف کردار کشی کی ایک مہم چل رہی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ثابت کریں 32 سو ارب روپے میں 32 پیسے بھی کرپشن کی ہو، ہماری حکومت نے انرجی اورسی پیک سیکٹرکو کامیاب کیا، کہتے ہیں نارووال اسپورٹس سٹی کا منصوبہ کیوں شروع کیا ؟ آج نارووال اسپورٹس سٹی منصوبہ بنا ہوتا تو پاکستانی کھلاڑی اولمپکس میں کامیاب ہوتے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ہم سویلین کے خلاف جھوٹے مقدمے برداشت نہیں کریں گے، سویلین کی بھی اتنی ہی عزت ہے جتنی دوسروں کی، بہتر ہوتا آپ شوگر مافیا پر ہاتھ ڈالتے، جب بھی حکومت ناکامی کی وکٹ پر بولڈ ہوتی تو عوامی توجہ ہٹانے کے لیے اپوزیشن پر جھوٹا کیس بناتی ہے، موٹروے اور ہزارہ ایکسپریس وے پر سفرکرکے لوگ ہمیں دعائیں دے رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صاف چلی شفاف چلی جب سے آئی بین الاقوامی کرپشن کی ریٹنگ اوپر چلی گئی ہے، چیلنج کرتاہوں بتیس سو ارب سے بتیس روپےکی کرپشن نکال کر دکھائیں، ہم ان جھوٹے مقدمات کا مقابلہ کریں گے، میں عمران خان سے زیادہ انکم ٹیکس دیتا ہوں لیکن کرائے کے مکان میں رہتا ہوں۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ کون کہتا ہے عمران خان ایماندار ہیں ؟ عمران خان مافیا کے سرپرست ہیں، میں عمران خان سے زیادہ انکم ٹیکس دیتا ہوں لیکن کرائے کے مکان میں رہتا ہوں۔