• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں طالبہ سے زیادتی کے ملزم نے عبوری ضمانت حاصل کرلی


راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں مدرسے میں 16 سالہ طالبہ سے زیادتی کیس  کے مرکزی ملزم مفتی شاہ نواز نے ضلعی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرلی۔

عدالت نے ملزم مفتی شاہ نواز کی عبوری ضمانت 30 اگست تک منظور کرلی۔

ملزم کے خلاف 17 اگست کو تھانہ پیر ودھائی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

راولپنڈی میں تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں قائم مدرسے کے استاد کی جانب سے 16 سالہ طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کے واقعہ کی تحقیقات میں مدرسے کے دیگر اسٹاف کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مدرسے کے استاد ملزم کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی، چکری، حسن ابدال، مانسہرہ اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ ملزم کے بھائی بھتیجے اور مدرسے کے نائب امیر سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ منتظم مدرسہ کے بیٹے دیگر افراد کو تحویل میں لے کر تفتیش کررہے ہیں، اس کے علاوہ مدرسے کے دیگر اسٹاف کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مدرسے کے مہتمم سے بھی ملزم کی گرفتاری میں معاونت کی درخواست کی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈی ایس پی سٹی نے متاثرہ طالبہ اور اس کی والدہ سے ان کے گھر میں ملاقات کی ہے۔

واضح رہے کہ متاثرہ طالبہ کی والدہ نے ایف آئی آر میں بتایا تھا کہ مدرسے سے فون آیا آپ کی بچی بے ہوش ہوگئی ہے اسے لے جائیں، جس کے بعد بچی نے گھر پہنچ کر بتایا کہ مدرسے کے استاد شاہنواز نے اس کے ساتھ زبردستی کی ہے۔

بچی کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ بیٹی کے مطابق استاد نے متعدد بار اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔

تازہ ترین