• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب ملک کا کرپٹ ترین ادارہ ہے، شاہد خاقان عباسی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءو سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں احتساب کا حال سب کے سامنے ہے، آج کوئی ایسی وزارت نہیں ہے جہاں پرکرپشن نہ ہورہی ہو،یہ میں نہیں کہہ رہا آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کہتی ہے، ملک میں گندم سمیت دیگر اشیاءکی کرپشن عروج پر ہے،اس ملک کا سب سے کرپٹ ترین ادارہ نیب ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں ریفرنس کی سماعت کے بعد احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس ملک میں کوئی فرد نیب کی کرپشن سے بچا نہیں ،آج جو معاملات عدالتوں میں ہیں کہ آج ججوں کو انصاف نہیں مل رہاتو ہم کس ادارے سے انصاف کی امید رکھیں،کبھی نہ کبھی ان لوگوں کو بھی جوابدہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کی تباہی کا جواب کسی نہ کسی کوتو دینا پڑے گا،اس ملک کی خارجہ پالیسی ہے کیا پہلے یہ تو پتا چلے،افغانستان کے متعلق فیصلے بند کمروں میں نہیں ہونے چاہیے،افغانستان میں 40 سالوں سے جنگیں چل رہی ہیں،آج ضرورت اس بات کی ہے پارلیمنٹ کی بالا دستی سمجھی جائے،جب تک اس ملک کا نظام آئین کے مطابق نہیں چلے گا مسائل حل نہیں ہو پائیں گے، حقائق عوام کے سامنے لانے کے لیے ٹرتھ کمیشن قائم کیا گیا ہے، اس ملک کے مسائل میں بے حد اضافہ ہوچکا ہے،ہمارے ملک میں جو ہوتا ہے وہ نظر آتا نہیں ہے، اصل بات یہ ہے کہ آئندہ الیکشن صاف شفاف ہوں گے یا نہیں۔

تازہ ترین