میڈرڈ (اے پی پی)سپین کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کا پاؤں کی چوٹ کی وجہ سے 2021 سیزن اختتام پذیر ہوگیا۔ 35 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار پائوں کی انجری کی وجہ سے رواں سے کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن میں بھی شرکت سے محروم ہوجائیں گے ۔20 گرینڈ سلام کے چیمپئن رافیل نڈال پائوں کی چوٹ کی وجہ سے سنسناٹی ماسٹرز اوپن ٹینس اور کینیڈین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے بھی محروم رہے۔دفاعی چیمپئن ڈومینک تھیم اور پانچ بار کے فاتح راجر فیڈرر بھی رواں سال کے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔35 سالہ نڈال نے انسٹاگرام پر کہا ہے کہ میں سچ میں گزشتہ ایک سال سے اپنے پاؤں میں تکلیف برداشت کر رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اب کچھ وقت آرام کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم اور خاندان کے ساتھ اس پر بات چیت کرنے کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بہت جلد صحت یاب ہوکر ٹینس کورٹس میں ایکشن میں نظر آئوں گا۔ چار بار کے یو ایس اوپن چیمپئن نے ومبلڈن اور اولمپک گیمز میں حصہ نہیں لیا تاکہ وہ کلے کورٹ سیزن کے بعد آرام کریں۔رافیل نڈال رواں سال جون میں فرنچ اوپن میں چوٹ کا شکار رہے ، جس کی وجہ سے وہ 2016 کے بعد پہلی بار اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے ۔ ان کو فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں نوواک جوکووچ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔یو ایس اوپن 30 اگست سے امریکا میں شروع ہو گا۔