کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کو کراچی میں جلسہ کرنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین نہیں بلکہ انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے،حکومت کو آئندہ الیکشن میں اپنی شکست نظر آرہی ہے، وفاقی حکومت نے گزشتہ تین برسوں کے دوران کراچی میں ایک اینٹ نہیں لگائی، نہ پانی کا قطرہ دیا، ہمارے پاس کم وسائل ہیں، وفاق ہمیں ہماراحق نہیں دیتا، کم وسائل کے باوجود کراچی کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں، مردم شماری کا معاملہ طے ہوتے ہی ہم لوکل باڈیزانتخاب کرانے کو تیار ہیں،عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، کراچی تبدیل ہوچکا ہے، شہر میں ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کے بعد کام بہتر ہورہے ہیںکراچی کے عوام اب پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کو پہچان چکے ہیں، شہرِ قائد کے لوگ اب پی پی پی کو موقع دینے کیلئے تیار ہیں۔وہ منگل کو حسن اسکوائر، غریب آباد، لیاقت آباد، سندھی ہوٹل، چونا ڈپو، گولیمار، گلبہار، لسبیلہ، پٹیل پاڑہ، دھوراجی، پی ای سی ایچ ایس، بہادرآباد سمیت کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھوراجی میں واقع کڈنی ہل پارک میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا جبکہ پی ای سی ایچ ایس میں نکاسی آب کے منصوبے کا معائنہ بھی کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو ایمپریس مارکیٹ دورے کے موقع پر دکانداروں میں گھل مل گئے، دکان داروں نے چیئرمین بلاول بھٹو کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنائیں۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو نے عوام کے مسائل سنے اور انکے فوری حل کیلئے ہدایات بھی جاری کیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کے عوام اب پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کو پہچان چکے ہیں، شہرِ قائد کے لوگ اب پی پی پی کو موقع دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ضلع سینٹرل کا بھی دورہ کیا، جو طویل عرصہ ایم کیو ایم کے کنٹرول میں رہا ہے، اور اب جا کر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو وہاں کام کرنے کا موقع ملا ہے، اور اب ہم نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ وہاں سے کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ میں حکومتِ سندھ کی جانب سے کیے گئے بحالی کے کام سے بھی خوش آئند تبدیلی سب کو نظر آرہی ہے۔ پی ڈی ایم کے کراچی میں جلسے کے متعلق سوال کے جواب میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم پی پی پی نے پی ڈی ایم کو سیاسی طور پر ایک راہ دکھائی تھی کہ کس طرح ایک جمہورے طریقے سے ایک غیرجمہوری حکومت کو گرایا جاسکتا ہے۔