اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنماء خورشید شاہ کے اہلخانہ اور شریک ملزمان کی ضمانت منسوخی سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت ستمبر کے وسط تک ملتوی کر دی ہے ، عدالت نے خورشید شاہ کی دونوں بیویوں کی پیشی سے استثنیٰ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نیب کو ٹرائل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ نیب سے تحریری معروضات بھی طلب کر لی ہیں ،قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی تو جسٹس قاضی محمد امین احمد نے استفسار کیا کہ کیا موجودہ کیسز مختلف نوعیت کے ہیں،ریفرنس کس اسٹیج پر ہے؟، جس پر نیب کے لاء افسر نے بتایا کہ یہ ایک ہی کیس میں مختلف ضمانت قبل از گرفتاری اور ضمانت منسوخی کے درخواستیں ہیں ۔