راولپنڈی (وسیم اختر/سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے پولیس قومی رضاکاروں کی یونیفارم کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب پولیس آغا محمد یوسف کی جانب سے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کے نام جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وردی کی آڑ میں بعض رضا کار مذموم سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں۔ آئندہ قومی رضا کار زیتونی سبز رنگ کی پینٹ شرٹ پہنیں گے‘ کپڑے کی گہرے نیلے رنگ کی ٹوپی کے بیج پر PQRکے الفاظ کندہ ہونگے جبکہ بازو بند‘ سرخ رنگ کا جس میں سفید رنگ میں انگریزی میں پی کیو آر لکھا جائیگا۔ کالے رنگ کی چمڑے کی بیلٹ پر بھی پی کیو آر کندہ ہو گا۔ پائوں میں کالے بوٹ یا چپل ہوگی۔