• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریفارم یوکے مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز جذبات بھڑکا رہا ہے، برطانوی مسلم رہنماؤں کا الزام

برطانیہ کی ممتاز مسلم شخصیات نے رِفارم یوکے پارٹی پر الزام لگایا ہے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف منفی جذبات کو ہوا دے رہی ہے، یہ ردعمل اُس وقت سامنے آیا جب پارٹی کے چیئرمین ضیاء یوسف نے استعفیٰ دے دیا۔ 

انہوں نے پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سارہ پوچن کی جانب سے برقع پر پابندی کے مطالبے کو "بے وقوفی" قرار دیا تھا۔

ضیاء یوسف، جو خود کو "برطانوی مسلمان محب وطن" کہتے ہیں، تقریباً ایک سال چیئرمین رہنے کے بعد مستعفی ہو گئے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اب ان کی محنت کسی اور جگہ زیادہ مؤثر ہو سکتی ہے۔ ان کے استعفے کے بعد پارٹی رہنما نائیجل فراج نے ان کی حمایت کرنے کے بجائے اس معاملے پر عوامی بحث کی حمایت کی۔

برطانوی مسلم نیٹ ورک کی شریک چیئرپرسن عقیلہ احمد نے کہا کہ ضیاء یوسف کا استعفیٰ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ رِفارم یوکے پارٹی مسلمانوں کو برابر اور قابلِ قدر شہری نہیں سمجھتی اور ان کے خلاف منفی جذبات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا قابلِ قبول سمجھتی ہے۔

اسی حوالے سے مسلم ویمنز نیٹ ورک یوکے کی سربراہ بیرونیس شائستہ گوہر نے کہا کہ بعض سیاستدان جان بوجھ کر ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں جو مسلمانوں کے خلاف تعصب کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا "یہ وقت مسلمانوں کے لیے خوفناک ہے، خاص طور پر وہ خواتین جو اسکارف پہنتی ہیں، وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں۔"

لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ افضل خان نے خبردار کیا کہ ایسی باتوں سے ملک میں اسلاموفوبیا کے واقعات بڑھ سکتے ہیں۔


برطانیہ و یورپ سے مزید