کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی ہدایت پر بی ایف اے معائنہ ٹیموں کی مختلف اضلاع و کوئٹہ شہر میں ناقص و مضر صحت اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔ اس ضمن میں بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلع خضدار میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں ممنوعہ و زائد المیعاد اشیاء برآمد کرلیں، 2 ہولسیل ٹریڈرز کو ایکسپائرڈ پیکٹ مصالحہ جات ، ٹکی ٹافیاں ، بسکٹ ، چائے کی پتی اور ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکا پان پراگ کی موجودگی پر جرمانہ کیا گیا جبکہ مراکز سے ملنے والی مضر صحت اشیاء موقع پر تلف کر دی گئیں ۔ کوئٹہ کے علاقوں جیل روڈ اور جتک سٹاپ مشرقی بائی پاس میں دو مختلف ٹیموں نے بدھ کوحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 2 بیف شاپس اور 1 ملک شاپ پر جرمانے عائد کئے۔ بی ایف اے حکام کے مطابق گوشت کی دکانوں کے خلاف صفائی کے ناقص انتظامات ، گوشت باہر لٹکانے ، فریزرز میں باسی و بدبودار گوشت کی موجودگی پر کارروائی کی گئی جبکہ دکان میں صفائی نہ ہونے ، دودھ اور دہی پر مکھیوں کی بھرمار سمیت مختلف وجوہات پر ملک شاپ کو جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں اوستہ محمد میں بی ایف اے کی زونل ٹیم نے دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے ملک شاپس میں فروخت ہونے والے دودھ کے مختلف ٹیسٹ کئے ، دودھ کا معیار بہتر پایا گیا، لیکن صفائی کے انتظامات کی بہتری بارے دکانداروں کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ، بی ایف اے حکام نے علاقے میں قائم ہوٹلوں کی بھی چیکنگ کی ، اس دوران معمولی نقائص پر متعدد ہوٹلوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے۔