• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے 70 فیصد خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیئے جا چکے: فیاض چوہان

وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 70 فیصد خاندانوں کو سوا 7 لاکھ روپے مالیت سالانہ کے ہیلتھ انشورنس کارڈ دیئے گئے۔

یہ بات وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں 6 نئی یونیورسٹیاں قائم کی جا چکی ہیں، 15 تکمیل کے مراحل میں ہیں، ٹیکس، ریونیو، انڈسٹریز، انفرا اسٹرکچر اور سوشل سیکٹر سمیت ہر شعبہ پہلے سے بہتر ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 106 ارب کے کوویڈ ریلیف فنڈ اور مؤثر اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی نے صوبے کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھا۔

انہوں نے کہا کہ تختِ لاہور کو نوازنے کی پالیسی کے بجائے تمام اضلاع کے لیے 360 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ اپنی مثال آپ ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ 1965ء کے بعد گریٹر تھل کینال کی صورت میں 20 ارب سے پہلا بڑا آبپاشی کا نظام قائم کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ 11 ہزار اسکول سولر انرجی پر منتقل ہونے سے تقریباً 18 لاکھ طلباء کو بجلی کی فراہمی ممکن ہوئی، ایک روپیہ خرچ کیئے بغیر تمام سرکاری جامعات اس سال سولر انرجی پر منتقل ہو جائیں گی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نئی نوکریوں اور صنعتی ترقی کے لیے 8 نئے اسپیشل اکنامک زونز اور 4 انڈسٹریل زونز کی اپ گریڈیشن کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ قبضہ گروپوں سے 462 ارب کی 180409 ایکڑ اراضی کی بازیابی محکمۂ مال کا بڑا کارنامہ ہے۔

وزیرِ جیل خانہ جات پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا نظریہ کام، کام اور کام ان کی پرفارمنس کا محرک ہے۔

تازہ ترین