• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پی ڈی ایم کا پاور شو، جلسے میں کارکنوں کی آمد جاری


کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)  کا پاور شو آج ہو رہا ہے، باغ جناح میں جلسے کے لیے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

جلسے سے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، صدر ن لیگ شہباز شریف اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

 پی ڈی ایم جلسے میں آج حکومت کے خلاف نئی احتجاجی تحریک کا اعلان متوقع ہے۔

کراچی میں ہونے والے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کے 25 سینئر افسران، 65 ڈی ایس پیز اور 3 ہزار 748 اہلکار تعینات ہوں گے۔

جلسے میں ایس ایس یو کی 30 خواتین کمانڈوز سمیت 93 خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔

ایس ایس یو کے افسران سمیت 440 کمانڈوز جلسے کی سیکیورٹی کے لیے موجود ہوں گے۔

کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے عوام سے جلسے کے حوالے سے کسی بھی ایمرجنسی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع 15 پر دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس پہلے ہی متبادل راستوں کے لیے روٹ پلان جاری کر چکی ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک پولیس کے 325 اہلکار تعینات رہیں گے، یہ اہلکار جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک کی روانی بحال رکھیں گے۔

کراچی ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ رش بڑھنے پر ٹریفک کو پیپلز چورنگی، صدر دواخانہ اور گرومندر سے متبادل راستہ دیا جائے گا۔

تازہ ترین