• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان نے کشمیریوں کی کامیابی کی امید روشن کر دی، سراج الحق

اسلام آباد ( طاہر خلیل) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی کامیابیوں سے سبق سیکھنا چاہئے ۔ بے سرو سامانی کے عالم میں افغان طالبان نے کشمیری عوام کی جدوجہد کی کامیابی کی امیدوں کو روشن کر دیا ہے ، وہ گزشتہ روزرحمٰن ملک کی کتاب “ٹاپ 100 انویسٹیگیشنز” کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے،تقریب میں مذہبی سکالر ز، ماہرین تعلیم اور دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔ چئیرمین انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ریفارمز رحمٰن ملک کی پانچویں کتاب کی تقریب رُونمائی سراج الحق نے کی۔ تقریب کا اہتمام کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ویڈیو لنک کی ذریعے کیا گیا۔ ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رحمٰن ملک نے کہا کہ کتاب لکھنے کا مقصد عوام کو اہم تحقیقات اور قومی مسائل سے آگاہ کرنا تھا، یہ ایک حقیقت ہے کہ علم طاقت ہے جو کامیابی کیطرف لے جاتا ہے۔ پاکستان کے دشمن ممالک کی پالیسیوں کے اجاگر کرنا ہم سب پر فرض ہے،رحمٰن ملک نے کہا کہ داعش ایک خطرناک دھشتگرد تنظیم بن کر ابھری ہے جو القاعدہ کی جگہ لے رہی ہے اور پہلے خطے میں داعش کی موجودگی اور پھر پاکستان میں اس کی موجودگی کا میں نے ذکر کیا۔ “ٹاپ 100 انویسٹیگیشنز” میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو اور محترمہ شہید بے نظیر بھٹو قتل کیسز کے تفصیلات موجود ہیں اور بہت سے سوالات کے جوابات دئیے گئے ہیں۔ امید ہے یہ کتاب تاریخ، اہم قومی و بین القوامی معاملات سمجھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ انکی تمام کتابوں کی فروخت کی آمدنی ’’ شہداء پاکستان ‘‘ کے لیے وقف ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ہماری مشرق و مغرب کی سرحدوں پر حالات غیر معمولی ہیں‘تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جن میں پروفیسر ایوب صابر، حافظ طاہر خلیل اور شفقت علی شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر مصنف رحمٰن ملک نے شرکا کو کتابیں پیش کیں اور سب کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین