• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک سر سبز و شاداب پارک کے بیچوں بیچ وہ وہیل چیئر پر بالکل ساکن بیٹھا کچھ سوچ رہا تھا۔ جہاں گھاس کا میدان ختم ہو رہا تھا، وہاں سےایک جھیل شروع ہو رہی تھی،جس کی لہریں ہوا کی زَد پہ ایک دوسرے سے ٹکراتی ہوئی، جھیل کے کنارے کی طرف لپکتیں اور پھر کنارے سے ٹکرا کر دَم توڑ دیتیں۔ وہ سوچ رہا تھا کہ ’’پانی کتنا خوش قسمت ہے کہ ہر جگہ سے اپنا راستہ بنا لیتا ہے، جہاں چاہے جا سکتا ہے۔ ‘‘پھر اس کی نظر جھیل پر اُترتے اور اُڑتے پنچھیوں پر پڑی۔ آزاد فضاؤں میں اُڑتے ،ہوا سے اٹکھیلیاں کرتےپنچھی…جن کے پَروں کی حرکت کے نیچے سِمٹتی لامحدود وسعتیں ہیں۔

پارک میں ہر فکر سے آزاد کھیلتے بچّے بھی پرندوں سے کم نہیں لگ رہے تھے۔اس خزاں رسیدہ موسم میں ان پھول سے چہروں پر بہار کی تازگی تھی۔ارد گرد کی دنیا سے بے خبر وہ اپنے آپ میں مست مگن بھاگتے پھر رہے تھے۔ اُنہیں دیکھ کر اس کے چہرے پہ سکون کی کیفیت اُتر آئی اور اس کی بیوی کے چہرے سے بھی، جو اس کے ساتھ ہی کھڑی تھی، مایوسی کے بادل چَھٹنے لگے۔ اب اُن دونوں کے لبوں پہ مسکراہٹ بکھری تھی۔

شکیل کا بچپن ایسے ہی سبزہ زار وںمیں کھیلتے کودتے گزرا تھا۔اس کے گھر کے پاس بھی ایسی ہی ایک جھیل تھی۔ جھیل کے نیلے پانیوں پر اُترتے اور اڑان بھرتے پرندے اسے بہت بَھلے لگتے تھے۔ وہ ان پرندوں کو اُڑانیں بھرتا دیکھتا، تو خود بھی اُڑنے کی کوشش کرتا۔ تیز بھاگتے ہوئے دونوں بازؤں کو ایسے اوپر نیچے حرکت دیتا ،جیسے وہ حقیقت میں اُڑنا شروع کر دے گا۔ شکیل تو نہ اُڑ سکا، لیکن اُس کا بچپن ضرورپَر لگا کر اُڑ گیا۔

البتہ، وقت کے ساتھ آسمانوں کی سیر اور اُڑان بھرنے کا ایک خواب اب جنون بن چُکا تھا اور اسی جنون کو حقیقت کا رُوپ دینے کے لیے اس نے پاک فضائیہ میں شمولیت حاصل کرلی۔پاک فضائیہ میں شمولیت کا ارادہ تو اس نے اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے کیا تھا، مگر اب اس کا دل وطن کی محبّت سے سرشار تھا، بچپن میں تو وہ پرندوں کی طرح اُڑنے کے خواب دیکھتا تھا، لیکن اب اس کا ایک ہی مقصد تھا، پاک وطن کی فضائی حدود کی نگرانی و حفاظت۔

اسکواڈرن لیڈر، شکیل عبد الرحمٰن اپنے بیڈ رُوم میں قد ِآدم آئینے کے سامنے کھڑےپرفیوم لگا رہے تھے۔ ان کی شادی کو ابھی چار دن ہی گزرے تھے۔ مسہری کے اردگرد ابھی تک پھولوں کی لڑیاں لٹک رہی تھیں، جن کی مہک سے سارا کمر اعطر دان بنا ہوا تھا۔ بیڈ رُوم کا دروازہ بہت آہستگی سے کُھلا۔ جیسےکوئی دَبے پاؤں کمرے میں داخل ہواہو اور آہستہ آہستہ اُن کی طرف بڑھنے لگا۔آنے والا نہیں چاہتاتھا کہ شکیل کو اس کے آنے کی خبر ہو۔ 

وہ تیزی سے مُڑنے ہی لگے تھے کہ ان کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا ساچھا گیا۔ ’’کون ہے؟ ‘‘ انہوں نے جان بوجھ کر کہا۔ جواباً مکمل خاموشی طاری رہی۔آنے والے نے ان کی آنکھوں کو اپنی ہتھیلیوں سے ڈھک رکھا تھا، لیکن شکیل کے چہرے پر شناسائی پھیل چُکی تھی کہ ہتھیلیوں سے اُٹھتی حنا کی خوش بو اس کی رُوح میں اُتر چُکی تھی۔’’نور العین میڈم!آپ کیسے کسی کی آنکھوں کی روشنی چھین سکتی ہیں؟‘‘ شکیل نے اپنی نئی نویلی دُلہن کی ہتھیلیاں آنکھوں سے ہٹاتے ہوئے قہقہہ لگایا، تو نور بھی دھیمے سے مُسکرا دی۔

شادی کو ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں گزرا تھا کہ بارڈر پہ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ یوں، تمام افسران کی چُھٹیاں منسوخ کر دی گئیں اور شکیل کو بھی اپنی نئی نویلی دُلہن کو گاؤں میں چھوڑ کرڈیوٹی پر لَوٹنا پڑا۔اُن کے جاتے سمے نور نے بڑی مشکل سے آنکھوں میں اُترتے آنسورو کے کہ وہ جانتی تھی کہ فوجی کی بیوی کبھی کم زور نہیں پڑ سکتی۔ ایک سپاہی اپنے وطن پر ، اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔ اس لیے بہت مان سے شکیل کو نم آنکھوں، پھیکی سی مُسکان اور ڈھیروں دُعاؤں کے ساتھ رخصت کردیا۔وہ گھر، جہاں ابھی چند روز پہلے تک صرف خوشیاں، قہقہے، روشنیاں اور رنگ بکھرے تھے، خاموشی کی دبیز چادر میں چُھپ گیا۔

اسکواڈرن لیڈرشکیل اس وقت ائیر بیس پہ آن ڈیوٹی تھے۔ جنگ کا سائرن بجتے ہی قریباً دَوڑتے ہوئے جہاز تک پہنچے اور اگلے ہی لمحے وہ کاک پِٹ میں موجود تھے۔ جہاز رَن وے پہ پہنچااوراگلے چند لمحوں میں وہ ہواؤں میں دشمن کا تعاقب کر رہے تھے۔ کنٹرول ٹاور نے اطلاع دی تھی کہ’’ دشمن کے تین جہاز ہماری فضائی حدود میں گُھسنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ اس موقعے پر اسکواڈرن لیڈر، شکیل عبد الرحمٰن نے نہایت پُھرتی، مہارت ، جاں فشانی اور حاضر دماغی سے دشمن کے دو طیّاروں کو نشانہ بنایا ، تووہ زمیں بوس ہوگئے۔

یہ دیکھ کر تیسرا طیّارہ بھاگ کھڑا ہوا، مگر اسی اثنا شکیل کے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی ۔ اسکواڈرن لیڈر شکیل نے ایجیکٹ کا بٹن تو دبا دیا، مگر ان کا پیرا شوٹ ٹھیک طرح سے نہیں کُھل سکا، تو جب وہ زمین پہ گرے تو دونوں ٹانگیں کسی بڑے پتھر سے ٹکرا گئیں ۔وہ درد کی شدّت سے بے ہوش ہو چُکے تھے۔ آنکھ کُھلی تو خود کو اسپتال کے بستر پر پایا۔ پاس کھڑی نرس نے بتایا کہ ’’شدید زخموں کی وجہ سے دونوں ٹانگیں کاٹنی پڑیں۔‘‘

یہ سُنتے ہی شکیل کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا سا چھانے لگامگراگلے ہی لمحے نورا لعین کا روشن چہرہ اُس کی آنکھوں کے سامنے تھا،جسے دیکھ کر شکیل کے لبوں پر مسکان لَوٹ آئی، مگریہ مُسکان بہت درد بَھری تھی۔ ’’نور! سب کچھ ختم ہو گیا۔‘‘ شکیل کی آنکھوں میں آنسو تھے، لیکن نوربالکل خاموش کھڑی تھی۔ اس نے اپنےدوپٹے کے پلّو سے شکیل کی آنکھیں پونچھیں، تو وہ بولے’’تم نے تو ایک ایسے شخص سے شادی کی تھی جو ہواؤں کے دَوش پہ اُڑتا تھا۔

مگر اب مَیں کبھی بنا سہارے چل بھی نہیں سکوں گا۔ زندگی میرے لیے ایک مستقل بوجھ ہے اور مَیں یہ بوجھ تمہارے ناتواں کندھوں پہ نہیں ڈالنا چاہتا۔ میری طرف سے تمہیں مکمل اجازت ہے، تم چاہو تو مجھے چھوڑ دو، خلع لے لو یا کہو تو مَیں خود تمہیں آزاد کردیتا ہوں۔ پاک فضائیہ جوائن کرنا میرا خواب تھا، مَیں اپنے مُلک کی حفاظت کرنا چاہتا تھا اور آج مجھے فخرہے کہ مَیںنے میں اپنا کردار بہت احسن طریقے سے نبھایا۔ مگر مَیں اپنے خوابوں کی سزا تمہیں نہیں دینا چاہتا، تمہارے سامنے ابھی پوری زندگی پڑی ہے، تم جاؤ اور نئے سِرے سے،ایک نئی زندگی کا آغاز کرو۔‘‘’’جو کہنا تھا کہہ دیا؟‘‘

نور نے سپاٹ لہجے میں سوال کیا۔ ’’ اب آپ کے کھانے کا وقت ہو رہا ہے، چلیں کھانا کھالیں، پھر دوا بھی لینی ہے۔‘‘ اسکواڈرن لیڈر شکیل حیرانی سے نور کو دیکھ رہے تھے، جس کی آنکھوں میں آنسو نہیں، خود اعتمادی تھی۔ ’’اور ہاں، اسکواڈرن لیڈر شکیل عبد الرحمٰن!آپ نے آج جو کچھ کہا ، اگر آئندہ کہنے کی جرأت کی، تو ہم آپ کا کورٹ مارشل کردیں گے۔ ایک بات ذہن نشین کرلیں کہ مجھے فخر ہے کہ مَیں ایک غازی کی بیوی ہوں، آپ نے میدانِ جنگ میں جس بہادری اور مہارت کا مظاہرہ کیا ، اس کا ذکر بچّہ بچّہ کر رہا ہے۔ 

جانتے ہیں، بابا تو پورے گاؤں میں مٹھائی بانٹ رہے ہیں کہ ’’میرا پُتّرغازی بن کے لَوٹا ہے۔ اُس نے دشمن کے دو جہاز مار گرائےاور ایک کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔‘‘ میرے لیے آپ کا ہونا کسی نعمت سے کم نہیں۔ آپ مجھ پر یا اس دھرتی پر بوجھ نہیں، ہمارا فخر وغرور ہیں۔آپ کی قربانی نے تو اس قوم کو ایک نئی زندگی دی ہے۔اور میرا اور آپ کا ساتھ زندگی کی آخری سانس تک بر قرار رہے گا۔‘‘یہ کہہ کر نور نے شکیل کوسہارا دے کر بٹھایا اور کھانا کھلانے لگی۔

گوکہ اسکواڈرن لیڈر شکیل عبد الرحمٰن اب وہیل چیئر باؤنڈ ہیں، لیکن اب بھی آن ڈیوٹی ہیں کہ اب وہ وار کالج میں کیڈٹس کو پڑھاتے ہیں۔ وہ اکثر شام کے وقت نور العین کے ساتھ پارک جاتے ہیں، جہاں جھیل، ہریالی، پرندوں اور بچّوں کو دیکھ کر انہیں بے حد سکون ملتا ہے۔ جب کبھی وہ اداس ہوں ،تو نور بچّوں کی طرف اشارہ کرکے کہتی ہے کہ ’’اگر آپ اور آپ جیسے اَن گنت سپاہی اس مُلک کے لیے قربانیاں نہ دیں تو ہمارے معماروں کے چہروں کی یہ ہنسی، مسکراہٹیں اور بے فکری رُوٹھ جائے۔ اس مُلک کے ہر باسی کو اپنے سپاہیوں پر فخر ہے، جو اپنا آج ، ہمارے کل پرقربان کر دیتے ہیں۔‘‘

تازہ ترین