جرمنی کے وزیرِ خارجہ ہائیکو ماس کا کہنا ہے کہ افغانستان سے جرمن باشندوں کے انخلاء پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کا دو طرفہ تجارتی حجم اورباہمی دلچسپی کےکثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی صورتِ حال کے حوالے سے دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے کا عندیہ بھی دیا۔
وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں جرمن وزیرِ خارجہ ہائیکو ماس نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مالی تعاون کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے افغانستان کی صورتِ حال پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
جرمن وزیرِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان میں انتہائی ڈرامائی انداز میں حالات تبدیل ہوئے۔
ہائیکو ماس نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے افغان، جرمنی اور دیگر غیر ملکیوں کے انخلاء کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔