امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک بڑے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں امن عامہ سمیت کچھ امور پر بات کرنی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کے پی اور بلوچستان میں امن کے لیے بڑے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔
امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ باجوڑ میں جماعت اسلامی کے رہنما کو نشانہ بنایا گیا، اس وقت پورے خیبر پختون خوا میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امن و امان کی ذمے داری حکومت کی ہے، ہمیں اپنی پالیسی کو ازسرِ نو دیکھنے کی ضرورت ہے، بڑے بڑے مسائل پر اکٹھا نہیں بیٹھیں گے تو مسائل حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کیا افغانستان کی ذمے داری نہیں کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔