اسلام آباد/کراچی (اے پی پی/اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی قومی آئل اینڈ گیس کمپنیوں نے ابوظہبی میں سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے 6223 مربع کلومیٹر رقبے پر محیط بلاک فائیو حاصل کرلیا۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی قیادت میں قائم کردہ کنسورشیم نے ابوظہبی میں ہونے والی بولیوں کے دوسرے مسابقتی مرحلے میں آف شور بلاک 5 حاصل کرلیا۔ یہ آف شور بلاک 6223 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے اور ابوظہبی شہر سے 100 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ چار پاکستانی کمپنیوں کے کنسورشیم نے ابوظہبی میں آف شور بلاک میں تیل و گیس کی تلاش کے حقوق حاصل کر لئے ہیں۔
منگل کو ایک ٹویٹ میں انہو ں نے کہا کہ یہ انتہائی فخر کی بات ہے کہ وزارت توانائی کے ماتحت چار پاکستانی کمپنیوں کے کنسورشیم کو ابو ظہبی میں ایک آف شور بلاک میں تیل و گیس کی تلاش کے حقوق دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بلاک میں تصور کیا جاتا ہے کہ تیل و گیس کے وسیع ذخائر ہیں، ہم ان کمپنیوں کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔