کراچی (ٹی وی رپورٹ)محمد زبیر نے کہا ہے کہ شیخ رشید نے اگلے چھ ماہ میں اپوزیشن لیڈرز کے جیل جانے کا دعویٰ کیا ہے، شیخ رشید بہت موثر وزیر ہیں دیگر وزراء کی نسبت ان کی بات میں بہت وزن ہوتا ہے، عمران خان کے دائیں بائیں مافیاز ہیں جو اپنی جیبیں بھرنے کے ساتھ عمران خان کی جیبیں بھی بھرتے ہیں۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اوردفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) اعجاز اعوان بھی شریک تھے۔فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف عدالتی نظام پر اعتماد کرتے ہوئے واپس آئیں، جب تک کیس چل رہے ہیں کوئی ن لیگی رہنماؤں کو بے گناہ نہیں کہہ سکتے، نیب نے 2000ء سے 2016ء تک 216ارب ریکور کیے جبکہ ہمارے تین برسوں میں 535ارب روپے ریکور کیے۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ شیخ رشید اور پیر پگارا سیاست میں چٹکلے چھوڑتے رہتے ہیں، اپوزیشن کی جب مرضی ہوتی ہے انہیں نظرانداز کردیتی ہے جب مرضی ہو ایشو بنالیتے ہیں۔ وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نےکہا کہ محمد زبیر کو عدالتی نظام پر اعتماد ہے اسی لئے عدالتی فیصلوں کا حوالہ دے رہے ہیں، زبیر صاحب نواز شریف کو بھی مشورہ دیں کہ اسی عدالتی نظام پر اعتماد کرتے ہوئے واپس آئیں، احتساب عدالت میں جب تک ن لیگی رہنماؤں کیخلاف کیس چل رہے ہیں کوئی نہیں کہہ سکتا یہ بے گناہ ثابت ہوگئے ہیں، شہباز شریف کے اکاؤنٹس میں ٹی ٹیز آئیں جس سے ان کے اور بچوں کی دولت میں اضافہ ہوا، سلمان شہباز تندرست ہیں اس کے باوجود ملک سے باہر ہے کیونکہ انہوں نے گاجریں کھائی ہیں۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کوئی جج انہیں سزا دیدے وہ برا ہوجاتا ہے، کوئی عدالت سزا دیدے اس عدالت پر حملہ ہوجاتا ہے، کوئی ادارہ انہیں سوال کرنے کیلئے بلالے تو نیب پر حملہ ہوجاتا ہے، کسی کو بریف کیس دیا جاتا ہے تو کسی کو کلاشنکوف پر بلیک میل کیا جاتا ہے۔