اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے افغانستان سے مکمل امریکی انخلا کو اسلامی تاریخ کا عظیم واقعہ قرار دیتے ہوئے افغان عوام، افغان طالبان اور اسلامی قوتوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے اور اس فتح کو امت مسلمہ کی فتح سے تعبیر کیا ہے،منصورہ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغانستان میں ترقی و استحکام کیلئے طالبان کی مدد کرے، افغانستان بھارتی سازشوں کا مرکز نہیں بن سکے گا، ثابت ہوگیا مومن کے جذبہ ایمانی اور حریت کے سامنے دنیاوی جاہ و جلال، ٹیکنالوجی اور جدید اسلحہ کوئی معنی نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اب بھارتی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کا مرکز نہیں رہے گا اور طالبان کے اقتدار سے نہ صرف افغان سرزمین بلکہ پاکستان میں بھی امن اور استحکام آئے گا، سراج الحق نے اس ضروت پر بھی زور دیا کہ اب امریکا، بھارت اور دیگر سازشی عناصر افغانستان میں بدامنی پیدا کرنے سے باز رہیں۔