• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس: جیکولین کو ملزم سے چاکلیٹ، پھول ملتے رہے

بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خود بھی منی لانڈرنگ کرنے والوں کے جھانسے کا شکار ہوئی ہیں، جبکہ انہیں ملزم کی جانب سے نام بدل کر تحفے میں چاکلیٹ اور پھول بھی ملتے رہے۔ 

ایک روز قبل جیکولین فرنینڈس کو بھتہ خور گروہ سے متعلق 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کے کیس میں پوچھ گچھ کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے طلب کیا تھا۔ 

یہ گروہ سکیش چندراشیکر نامی شخص چلاتا ہے جس پر بھارت کے الیکشن کمیشن کو بھی رشوت دینے کا الزام ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کیس میں جیکولین فرنینڈس سے پوچھ گچھ بحیثیت ملزم نہیں بلکہ بطور گواہ کی گئی تھی۔ 

تاہم آج یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ جیکولین فرنینڈس خود بھی اس 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کے معاملے کی متاثرہ ہیں۔ 

تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسمگلر سکیش چندراشیکر نے اپنی جڑیں بالی ووڈ تک پھیلالی ہیں، وہ بالی ووڈ اسٹار جیکولین فرنینڈس کو چاکلیٹس اور پھول بھیجا کرتے تھے۔ 

چندراشیکر خود تو جیل میں تھے تاہم وہ خفیہ ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنی حقیقی شناخت چھپا کر جیکولین سے بات چیت کیا کرتے تھے۔ 

تحقیقات پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو یہ معلوم ہوا کہ جو نام استعمال کیے جارہے ہیں وہ حقیقت میں موجود ہی نہیں جبکہ آئی پی ایڈریس ٹریس کرنے پر یہ معلوم ہوا کہ ان ناموں کو چندراشیکر لوگوں کو دھوکا دینے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ 

بتایا جارہا تھا کہ چندراشیکر سے جیل میں ایک بالی ووڈ سیلیبریٹی نے بھی ملاقات کی تھی۔ 

تاہم جب 30 اگست کو ڈائریکٹوریٹ نے جیکولین سے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے اس کیس کی اہم معلومات پولیس کو دیں۔ 

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ جیکولین فرنینڈس خود بھی اس ریکیٹ کے ہاتھوں دھوکا دہی کی شکار ہوچکی ہیں۔ 

تازہ ترین