• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

200 کلو سے زائد مضر صحت گڑ برآمد کرلیا گیا،سیفٹی اتھارٹی مردان

پشاور ( نمائندگان جنگ )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے مردان کے علاقے چمتار میں کاروائی کرتے ہوئے 200 کلو سے زائد مضر صحت گڑ برآمد کرلیا۔ گڑ کو کیمیکلز اور چینی کی ملاوٹ سے تیار کیا گیا تھا۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران دو گڑ گانیوں کو سیل کیا گیا۔ جبکہ مالکان پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق بونیر میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، اور ایک گودام سے سینکڑوں لٹر جعلی مشروبات برآمد کئے گئے۔ اسی طرح چارسدہ کے علاقے شیر پاؤ میں گڑ گانی سے تقریباً 2000 کلو سے زائد مضر صحت گڑ برآمد کیا گیا، جس میں چینی اور نان فوڈ گریڈ کلر کی ملاوٹ کی گئی تھی۔ پروڈکشن یونٹ میں صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی، جس پر یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔ سر دریاب پولیس سٹیشن پر ناکہ بندی کے دوران پشاور سے آنے والے گاڑیوں کی تلاشی کے دوران چار گاڑیوں سے ملاوٹ شدہ گڑ برآمد کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق دیر بالا میں مختلف بیکریوں کا معائنہ کیا گیا، جہاں ایک بیکری کے پروڈکشن یونٹ کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہر سیل کردیا گیا۔ ضلع خیبر میں کاروائی کے دوران بڑی مقدار میں مضر صحت ممنوع چورن اور غیر معیاری مشروبات برآمد کئے گئے۔
تازہ ترین