• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائرہ بانو میں کس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے؟

بالی ووڈ کے مرحوم لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو جو کہ گزشتہ دنوں سے طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہیں، اُنہیں کورونری سنڈروم کی تشخیص ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سائرہ بانو اس وقت ممبئی کے ہندوجا اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل ہیں جہاں ڈاکٹرز کی زیرِ نگرانی اُن کا علاج جاری ہے۔

سائرہ بانو کو سانس لینے میں دشواری، ہائی بلڈ پریشر اور ہائی شوگر کے بعد 28 اگست کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جس کے بعد اُن کے کچھ ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹس آگئی ہیں۔

ہندوجا اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’سائرہ بانو کے ٹیسٹ کی رپورٹس کے مطابق اُنہیں ایکیوٹ کورونری سنڈروم کی تشخیص ہوئی ہے۔ 

اس بیماری میں دل کی شریانوں میں خون کے بہاؤ میں کمی واقع ہوتی ہے، دل کے پٹھوں کا حصہ ٹھیک طرح سے کام کرنے سے قاصر ہوتا ہے یا مر جاتا ہے۔

ڈاکٹر نے بتایا کہ سائرہ بانو اپنے شوہر دلیپ کمار کی موت کے بعد سے ڈپریشن سے بھی لڑ رہی ہیں، اُنہیں زیادہ نیند نہیں آتی ، وہ گھر جانا چاہتی ہیں۔‘

 واضح رہے کہ رواں سال 7 جولائی کو بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کرگئے تھے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی۔

وہ گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

تازہ ترین