• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی طبیعت ناساز، اسپتال داخل

بالی ووڈ کے لیجنڈری مرحوم اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے ممبئی کے مقامی اسپتال میں داخل ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سائرہ بانو بلڈ پریشر سے متعلق مسائل کی شکایت ہونے پر تین دن سے ممبئی کے ایک مقامی اسپتال میں داخل ہیں۔

ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں داخل سائرہ بانو کی طبیعت کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اب وہ پہلے سے بہتر ہیں لیکن ان کا بلڈ پریشر نارمل نہ ہونے کی وجہ سے انہیں آج آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔

سائرہ بانو ممبئی کے اسی اسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کے مرحوم شوہر اور اداکار دلیپ کمار کو داخل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال 7 جولائی کو بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کرگئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی۔

وہ گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

تازہ ترین