• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سدھارتھ کی آخری رسومات پر شہناز گِل غم سے نڈھال، ویڈیو وائرل

گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے کوچ کرجانے والے بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے شدتِ غم سے نڈھال اُن کی گرل فرینڈ شہناز گِل بھی پہنچ گئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

 بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ شکلا کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی جس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور اداکار کی رہائش گاہ پر اُن کے دوستوں اور عزیز و اقارب کے آنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔


اب اس ضمن میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں سدھارتھ شکلا کی گرل فرینڈ شہناز گِل کو اُن کی رہائش گاہ آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہناز گِل گاڑی میں اپنے بھائی شہباز کے ساتھ موجود ہیں اور سدھارتھ کی موت پر وہ شدتِ غم سے نڈھال نظر آرہی ہیں۔

گاڑی کے اردگرد بھارتی صحافیوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو شہناز گِل سے گفتگو کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن وہ کسی کے سوال کا جواب نہیں دے رہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نے سونے سے پہلے کچھ دوائیاں لیں جس کے بعد وہ بیدار نہ ہوئے، خاندانی ذرائع نے اداکار کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ بگ باس کے سیزن 13 میں پہلی بار ملاقات کرنے والی جوڑی شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دسمبر میں شادی کرلی ہے تاہم اُنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا سے چُھپا کر رکھا ہے تاکہ دونوں اداکار کیریئر پر توجہ دے سکیں۔

تاہم دونوں بھارتی اداکاروں کی جانب سے ابھی تک اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔

سدھارتھ شکلا نے بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ شہناز گِل فائنل سے پہلے ہی بگ باس کے گھر سے نکل گئی تھیں۔

شہناز گل کئی ہٹ میوزک ویڈیوز میں نظر آچکی ہیں۔ ان گانوں میں شہناز گل، سدھارتھ شکلا کے ساتھ نظر آئی ہیں۔ ان کی کیمسٹری سدھارتھ کے ساتھ بے حد پسند کی جاتی ہے۔

سدھارتھ شکلا اور شہناز گل ساتھ میں دو میوزک ویڈیو میں نظر آچکے ہیں۔ ایک درشن راول کا ’بھلا دوں گا‘ اور دوسرا ٹونی ککڑ کا ’شونا شون‘ دونوں ہی گانے ہٹ رہے ہیں۔

تازہ ترین