گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اس دُنیا سے کوچ کرجانے والے آنجہانی بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کی والدہ نے اپنے بیٹے کی موت پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے بیٹے کو اتنی جلدی دُنیا سے نہیں جانا چاہیے تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ شکلا کے دوست راہول مہاجن نے اپنے ایک انٹرویو میں اداکار کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سدھارتھ ایک مختلف قسم کا شخص تھا اور اگر ہم اُس کے لیے سوگ منائیں گے تو اُسے بہت بُرا لگے گا۔‘
راہول مہاجن نے کہا کہ ’سدھارتھ کی موت کے بعد اُن کی والدہ سے ملاقات ہوئی، وہ ایک مضبوط خاتون ہیں، اُن کی آنکھوں میں آنسو تھے لیکن وہ مضبوط نظر آرہی تھیں۔‘
اداکار کے دوست نے کہا کہ ’سدھارتھ کی والدہ نے مجھ سے کہا کہ موت تو سب کو ہی آنی ہے لیکن میرے بیٹے کو اتنی جلدی دُنیا سے نہیں جانا چاہیے تھا۔‘
راہول مہاجن نے مزید کہا کہ ’وہ ایک ماں ہے اور کوئی بھی ماں اپنے بیٹے کو اپنی زندگی میں کیسے دور جاتا دیکھ سکتی ہے اور وہ بھی ایسی جگہ جہاں سے واپس آنا ناممکن ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نے سونے سے پہلے کچھ دوائیاں لیں جس کے بعد وہ بیدار نہ ہوئے۔
خاندانی ذرائع نے اداکار کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی ہے۔