بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے رنر اپ اور گلوکار راہول ویدیا نے کہا ہے کہ وہ سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کی وجہ سے شدید صدمے میں ہیں اور اُن کے پاس اپنے جذبات بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکار راہول ویدیا نے اداکار سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں شدید صدمے میں ہوں، اس وقت اپنے جذبات بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، یقین نہیں آرہا ہے کہ اچانک سے کیا ہوگیا۔‘
راہول ویدیا نے کہا کہ ’جب سے سدھارتھ کی موت کی خبر ملی ہے تب سے کچھ بھی سمجھ نہیں آرہا ہے، نہ بات کی جارہی ہے اور نہ کوئی کام۔‘
گلوکار نے کہا کہ ’سدھارتھ ایک شاندار انسان تھے، ہم نے بگ باس کے گھر کے اندر بہت اچھا وقت گزارا اور تب سے ہم ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں تھے، ہم اکثر اپنے جم سیشنز میں ایک دوسرے سے ٹکرا جاتے تھے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’سدھارتھ، میرے اردگرد موجود سب سے خوش مزاج لڑکوں میں سے ایک تھا جو ہر ایک کے ساتھ بات چیت کرتا تھا۔ اس کی توانائی، جوش اور اس کی مسکراہٹ ایسی چیز تھی جسے ہر کوئی پسند کرتا تھا۔‘
راہول ویدیا نے کہا کہ ’ہماری گفتگو کے دوران میں نے کبھی محسوس نہیں کیا کہ سدھارتھ کو کوئی صحت کا مسئلہ تھا، آخری بار جب میں نے اس کے ساتھ بات چیت کی تھی تقریباََ دو ماہ پہلے تو اُس وقت بھی وہ بالکل ٹھیک نظر آرہا تھا۔‘
گلوکار نے یہ بھی کہا کہ ’سدھارتھ ایک فٹ شخص تھا اور میں یقین نہیں کر سکتا کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے۔‘
آخر میں اُنہوں نے سدھارتھ کے اہلخانہ، پیاروں اور ان کے چاہنے والوں سے دلی تعزیت بھی کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نے سونے سے پہلے کچھ دوائیاں لیں جس کے بعد وہ بیدار نہ ہوئے۔
خاندانی ذرائع نے اداکار کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی ہے۔