• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موت کے حوالے سے سدھارتھ شکلا کا پُرانا ٹوئٹ وائرل

بھارتی ٹی وی کا جانا پہچانا چہرہ اور بگ باس 13کے فاتح سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد اُن کا وہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ ’موت انسان کے لیے سب سے بڑا نقصان نہیں ہے۔‘

گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے کوچ کرجانے والے بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد سے سوشل میڈیا پر اُن کا 4 سال پُرانا ٹوئٹ وائرل ہورہا ہے۔

24 اکتوبر 2017ء کو کیے گئے ٹوئٹ میں سدھارتھ شکلا نے کہا تھا کہ ’موت زندگی کا سب سے بڑا نقصان نہیں ہے، سب سے بڑا نقصان وہ ہوتا ہے جو ہمارے اندر رہتے ہوئے مر جاتا ہے۔‘

سدھارتھ شکلا کے موت کے بارے میں کیے گئے اس ٹوئٹ کو اُن کے لاکھوں مداح اُن کے فین پیجز پر شیئر کرکے اداکار کو یاد کر رہے ہیں۔

اداکار کے مداحوں اور دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک مضبوط شخصیت کے مالک تھے، اُنہیں کبھی موت کا خوف نہیں تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نے سونے سے پہلے کچھ دوائیاں لیں جس کے بعد وہ بیدار نہ ہوئے۔

خاندانی ذرائع نے اداکار کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی ہے۔

تازہ ترین