گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے کوچ کرجانے والے بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے ایمبولینس اداکار کو لینے اسپتال پہنچ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ شکلا کی آخری رسومات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور آج ہی اُن کی آخری رسومات کی ادائیگی متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سدھارتھ شکلا کو لینے کے لیے ایمبولینس اسپتال پہنچ گئی ہے جہاں میڈیا اور پولیس کی بڑی تعداد موجود ہے۔
دوسری جانب سدھارتھ شکلا کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے اُن کے عزیز و اقارب اور دوست احباب اُن کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نے سونے سے پہلے کچھ دوائیاں لیں جس کے بعد وہ بیدار نہ ہوئے۔
خاندانی ذرائع نے اداکار کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی ہے۔