کراچی (اسٹاف رپورٹر) ارحم عتیق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبح نو قومی کلے کورٹ ٹینس چیمپئن شپ میں ڈیوس کپر یاسر خان کو حیران کن شکست دیدی۔ ارحم عتیق جو قومی رینکنگ کے ٹاپ آٹھ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں نے پاکستان کے نمبر تین کھلاڑی اور ڈیوس کپ ٹیم کا حصہ یاسر خان کو ایک کے مقابلے دو سیٹس سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کیا۔ پی ٹی ایف اسپورٹس کمپلکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں ارحم نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار فائٹ بیک کیا اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو زیر کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کی۔ ارحم عتیق نے میچ میں 2-6، 6-4 اور 6-4 سے فتح حاصل کی۔ ٹاپ کھلاڑی عقیل خان نے اپنے عبدالحیدر کو ایک آسان مقابلے کے بعد6-2 اور 6-3 سے شکست دی۔ دیگر کھلاڑیوں مدثر مرتضٰی نے حذیفہ عبدالرحمان، عثمان رفیق نے بابر علی اکبر، مزمل مرتضی نے شاہین محمود، شہزاد خان نے راجہ شاہد، ہیرا عاشق نے امن عتیق اور ایم عابد نے شاہد آفریدی کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ بوائز انڈر18 میں مزمل مرتضیٰ نے شعیب خان ، ثاقب عمر نے کاشان عمر، امن عتیق نے احتشام عباسی، عاقب عمر نے اسد اللہ، یوسف خان نے عبداللہ عدنان، نوفل کلیم نے فرحان اللہ اور حارث عرفان الحق نے جاسر منظور کو شکست دی۔ مینز ڈبلز کے پہلے رائونڈ میں رشید ملک اور حمیدالحق کی جوڑی نے کاشان الحق اور ارحم عتیق کو، عرفان اللہ اور شاہین محمود نے وکیل خان اور اکرام اللہ کو شکست دی۔