کوئٹہ (آن لائن )پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ ،جنرل سیکرٹری نسیم الرحمن، جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال، جنرل سیکرٹری پشین میر وائس خان کاکڑ ایڈووکیٹ ،عبدالمنان درانی اور تحصیل نانا صاحب شاہ مسعود کاکر، عطاء اللہ کاکڑ اورملک اختر نے سانحہ مانگی ڈیم کے شہداء کے لواحقین کے مطالبات ،شٹر ڈائون ہڑتال اور پہیہ جام کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کوئٹہ ڈویژن کے تمام عہدیداروں،کارکنوں اور ہمدردوں سے کہا ہے کہ وہ مطالبات کی حمایت میں ہرقسم کا تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سانحہ مانگی ڈیم کے متاثرین کو یقین دہانی کراتی ہے کہ جماعت آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مطالبات کی منظوری تک آپ کے ساتھ ہے۔درایں اثناء انہوں نے بزرگ قوم پرست رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار عطا اللہ مینگل کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل کی وفات بلوچستان کے لئے سانحہ سے کم نہیں۔مرحوم کی سیاسی و قبائلی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،کیونکہ وہ مظلوم طبقات کے حقوق کیلئے اپنے سخت موقف کے باعث مشہور تھے۔ بزرگ قوم پرست رہنما ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح کے سیاستدان تھے۔ان کی وفات سے پورا ملک سوگوار ہوگیا ،دکھ کی اس گھڑی میں سردار اختر جان مینگل اور دیگر لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔