سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کورونا وائرس کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو رکھنے سے متعلق ہدایات نامہ جاری کر دیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہدایت نامے کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس پر کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ یکم اکتوبر سے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سی اے اے کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر سے بغیر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے ہوائی سفر پر پابندی ہو گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو کورونا ویکسین کے سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
ہدایت نامے میں سی اے اے کا کہنا ہے کہ مریضوں کو استثنیٰ سے متعلق معالج کا میڈکل سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان آنے اور جانے والے مسافروں کو سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط برقرار رہے گی۔
ہدایت نامے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ بیرونِ ملک جانے اور آنے والے مسافروں کے پاکستان کے ایئر پورٹس پر کورونا وائرس کے ریپڈ ٹیسٹ ہوں گے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے تمام ایئر لائنز کو ان نئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے۔