سابق وزیر داخلہ اور سینئر سیاستدان چوہدری نثار نے کہا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بارے میں بہت کچھ کہہ سکتے ہیں مگر اس وقت نہیں کہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اپنے سیاسی کارڈ بہتر طریقے سے کھیل رہی ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے سیاسی اَن بَن رہی، لیکن وہ اچھے انسان اور زیرک سیاستدان ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کو چوہدری نثار نے اچھا لیڈر قرار دیا اور کہا کہ عمران خان نیک نیت اور اچھے لیڈر ہیں مگر حکمران بننے کے بعد اقدامات بھی کرنے پڑتے ہیں جو نظر نہیں آرہے۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ عمران خان کا میرے ساتھ رویہ ہمیشہ اچھا رہا ہے، ان کے بارے میں میرے خیالات اچھے ہیں۔
انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق کہا کہ نواز شریف کے بارے میں بہت کچھ کہہ سکتا ہوں مگر اس وقت نہیں کہوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار نے کہا کہ آئندہ سیاست کس پلیٹ فارم سے کروں گا، ابھی فیصلہ نہیں کیا۔