کوئٹہ (پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ ،جنرل سیکرٹری نسیم الرحمٰن، جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال، جنرل سیکرٹری پشین میر وائس کاکڑ ایڈووکیٹ، ہمایوں الکوزئی، ارباب اقبال ،ذاکر بنگلزئی، صدر تحصیل ناناصاحب شاہ مسعود کاکڑ، نسیم جمال، بشیر احمد، تحصیل کاریزات کے صدر عطاء اللہ، صدر تحصیل بوستان ملک اختر محمد، ضمیر اختر عالم کاسی، نثار اچکزئی اورآصف حریفال نے بیان میں کہا ہے کہ زیارت کے علاقے مانگی میں دہشت گردی کے واقعہ میں لیویز اہلکاروں کی قیمتی جانیں گئیںاور کئی روز سے دھرنا جاری ہے متاثرہ خاندان انصاف چاہتے ہیں لیکن حکومت کوکوئی فکر نہیں جو مظلوم عوام میں احساس محرومی پیدا کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ درازسے پشتون وطن کے طول وعرض میں خوف و وہشت مسلط کرنے ،ٹارگٹ کلنگ، اغوا،قبضہ گیری، منشیات فروشی جیسے سماج دشمن اقدامات سے عوام ذہنی کرب میں مبتلاہوچکے ہیں جس میں کمی آنے کی بجائےآئے روزاضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء مانگی ڈیم کے لواحقین کو انصاف دیا جائے اور ان کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے،مسلم لیگ(ن) ان تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہمیشہ اس طرح کے نارا واقعات کی مذمت کرتی رہے گی،انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبے میں ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں کیونکہ ان قسم کے واقعات کو عوامی طاقت سے روکنا ہوگا ۔بیان میں دھرنا کمیٹی کی کال پر ہونے والے پہیہ جام کی مکمل حمایت کی گئی۔