مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سستی بجلی والے پلانٹس کو چلانے کے بجائے مہنگی بجلی بنا کر قوم کی جیب کاٹی گئی۔
لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک اور نیپرا کی اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ حکومت کے جھوٹ کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف 3 ماہ میں قومی خزانے کو 50 کروڑ ڈالر کا نقصان حکومتی جرائم کا ثبوت ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ حکومت نے مارکیٹ سے 30 فیصد مہنگی ایل این جی خرید کر عوام پر ظلم ڈھایا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج کیا ہو رہا ہے، نیب کو نظر نہیں آ رہا، نیب 5 سال پرانے معاہدے کھنگال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا کہ ہم نے قوم سے جو کچھ کہا وہ حرف بہ حرف سچ تھا۔
صدر نون لیگ نے مزید کہا ہے کہ مہنگے پاور پلانٹس چلانے سے مالی بوجھ اور قرض بڑھ گیا، نقصان عوام اور پاکستان کا ہوا۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی انتقام سے بھری حکومت میں بھی ہماری خدمت اور دیانت کی گواہی آ رہی ہے۔