مڈلزبرا (پ ر)پیپلز ڈسکشن فورم کے چیئرمین ڈاکٹر محمد صدیق نے کہا ہے کہ سکھر میں وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا کروڑوں روپے سے ہونے والا ایئرکنڈیشن شو بھوک و افلاس میں مبتلا غریب و مجبور بے بس عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی اقتصادی صورتحال انتہائی کمزور ہے پاکستان بیرونی قرضوں کے جال میں بہت بری طرح جکڑا ہوا ہے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں سے پاکستان کے انتظامات چلائے جارہے ہیں جبکہ وزیراعظم میاں نواز شریف غریب و معصوم عوام کے خون پسینے کی کمائی کو شاہانہ انداز کے جلسوں میں اڑا رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد صدیق نے کہا کہ کرپشن و بدعنوانی کے ناسور نے معیشت کو بری طرح تباہ کردیا ہے جس کے باعث عام شہری کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جب کہ میاں نواز شریف کرپشن کے الزامات کا جواب دینے کے بجائے ایئرکنڈیشنڈ جلسے کرکے وطن عزیز پاکستان کے خزانے کو بڑی بے دردی سے لٹا رہے ہیں۔