مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کی معیشت میں کمزوری ہے، مہنگائی نے تباہی مچا دی ہے، عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، جب ہم نے میثاق معیشت کی بات کی تھی تو مذاق اڑایا گیا، اب ہمیں ملک کو معاشی میدان میں مضبوط بنانا ہوگا۔
یومِ دفاع کے موقع پر نون لیگ کے صدر شہباز شریف نے یادگار شہداء مناواں پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ پڑھی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے ملک کی سرحدوں کو ہمیشہ کیلئے محفوظ بنا دیا ہے، قوم نے جب بھی ایک ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا، شکست دشمن کا مقدر بن گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج قوم کو متحد ہونا ہوگا، آج کے دور میں دنیا میں اب فوجی جنگیں نہیں معاشی جنگیں لڑی جا رہی ہیں، آج معاشی سطح پر بھی ملک کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، ملک میں مہنگائی کا ایسا طوفان ہے جو رکنےکا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔
افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں امید ہے طالبان افغانستان میں امن کے اپنے دعوؤں پرعمل کریں گے، افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا۔