• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیر نو،ترقی کیلئے چین کے تعاون کی ضرورت ہے، ذبیح اللّٰہ مجاہد

ترجمان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا ہے کہ چین بڑی اقتصادی قوت ہے، افغانستان کیلئےبہت اہم ہے، افغانستان کی تعمیر نو،ترقی کیلئے چین کے تعاون کی ضرورت ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے آخری ٹھکانے پر قبضہ کرلیا ہے، طالبان کےسپریم لیڈر ہیبت اللّٰہ اخوندزادہ جلد منظر عام پر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنج شیر پر کنٹرول حاصل کرنے کے دوران شہریوں کی ہلاکتیں نہیں ہوئیں، یہاں آج سے انٹرنیٹ، بجلی بحال ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ طالبان مذاکرات چاہتے تھے، مزاحمتی محاذ نے منفی جواب دیئے، جبکہ افغانستان کےسابق نائب صدر امر اللّٰہ صالح تاجکستان فرار ہوگئےہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کابل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں جلد شروع کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں،قطر، ترکی اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی کی تکنیکی ٹیمیں کابل ایئرپورٹ کے دوبارہ کام شروع کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے، حملہ آور کبھی بھی ہمارے ملک کی تعمیر نو نہیں کریں گے، یہ ہمارے لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود کریں، افغانستان کی سابق افواج نئی حکومت کیساتھ شامل ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ممالک سےاچھے تعلقات چاہتےہیں، کاسا گیس پائپ لائن منصوبہ بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، کابل میں امن امان قائم ہے اورکوئی تشویش کی بات نہیں۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہاکہ امارت اسلامی افغانستان میں خواتین کے حقوق پر خصوصی توجہ دے گی،حکومت کے قیام تک تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں، ہماری عوام مزید جنگ نہیں چاہتی،افغانستان میں اب جنگ کا دورختم ہوچکا۔

افغانستان میں عام شہریوں کے اسلحہ رکھنے ،ہوائی فائرنگ پرمکمل پابندی عائد کردی گئی ہے،ہوائی فائرنگ کرنےوالے 80 سے زائد افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہاکہ پاکستان کوجن معاملات پرتشویش ہے ان کوحل کیا جائے گا،ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان کی تشویش بجا ہے،افغانستان کی سرزمین پاکستان سمیت کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان سی پیک منصوبوں میں شمولیت کا خواہاں ہے،افغانستان عالمی برادری کےساتھ مل کراقتصادی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ شورش کے بارے میں بہت حساس ہے، شورش شروع کرنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا،ہم مزیدشورش کی اجازت نہیں دیں گے۔

تازہ ترین