شہید پائلٹ میجر ایازحسین نے گزشتہ سال اسکردو میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شہید میجر ایاز نے پاک فوج میں 13 سال خدمات انجام دیں۔
جیو نیوز اپنے شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی پر روشنی ڈال رہا ہے۔
وطن کی مٹی گواہ رہنا، مادر وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں 33 سال کا یہ خوب صورت شہید پائلٹ میجر ایاز حسین بھی شامل ہے۔
26 دسمبر 2020 کے روز پاکستان آرمی کے پائلٹ میجر ایاز کو خصوصی مشن سونپا گیا۔
اس مشن میں اسکردو کے قریب منی مرگ کے مشکل ترین علاقے سے شہید فوجی جوانوں کے جسد خاکی بذریعہ ہیلی کاپٹر واپس لانا تھے، لیکن یہ مشن میجر ایاز کی شہادت کا مشن بن گیا۔
فنی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر کریش ہوگیا اور میجر ایاز نے بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جام شہادت نوش کیا۔
پائلٹ میجر ایاز کے والدین کا حوصلہ بھی چٹان کی طرح مضبوط ہے اور وہ شہید کے ماں باپ کہلانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
ماں آج بھی شہید پائلٹ میجر ایاز کی فرمائشوں کو یاد کرتی ہیں۔
پائلٹ میجر ایاز شہید اپنے گھر میں سب سے چھوٹا، ذہین، جذبہ حب الوطنی سے سرشار تھا، وطن سے محبت نے انہیں شہادت کے رتبے پر فائز کیا۔