اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان کی جانب سے پابندیوں کے بعد چمن کے راستے افغانستان سے افغان باشندوں کی پاکستان میں داخلے کی شرح میں واضح کمی ہوگئی ہے، ایک ہفتہ قبل تک اوسطاً 18 ہزار افراد پاکستان میں داخل ہو رہے تھے جن کی تعداد اب کم ہوکر 4 سے 5 ہزار تک آ گئی ہے۔ایک سکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ 15 اگست سے 27 اگست تک روزانہ اوسطاً 18 ہزار افراد افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے اور گزشتہ ایک ہفتے سے دونوں اطراف کے سرحدی شہروں کے رہائشیوں یا پھر شدید بیمار افراد کے علاوہ کسی کو پاکستان میں آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، پاکستانی فورسز ایسے افراد کو بھی پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہیں جن کے پاس اصل شناختی کارڈ نہیں یا پھر ان کے شناختی کارڈ کسی بھی وجہ سے نادرا نے بلاک کیے ہوئے ہیں۔