نیویارک (عظیم ایم میاں) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اگلے چند روز میں امریکا پہنچنے والے ہیں۔ قابل اعتماد ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا ہے کہ اگلے تین چار روز میں پرویز مشرف نیویارک آرہے ہیں، جہاں چند روز قیام کے بعد میڈیکل مشاورت اور علاج کے سلسلے میں وہ اپنے خاندانی دوست اور معالج ڈاکٹر ارجمند ہاشمی کے پاس ٹیکساس جانے کا پروگرام رکھتے ہیں۔ ان کی امریکا آمد، عرصہ قیام اور دیگر مصروفیات کی تفصیلات کے بارے میں فی الحال احتیاط سے کام لیا جارہا ہے۔ خصوصاً پاکستان میں ایک عدالت کی جانب سے انہیں اشتہاری قرار دیکر جاری کئے جانے والے احکامات کے تناظر اور ممکنہ اثرات اور تشہیر کے باعث پرویز مشرف کے قیام امریکا کے بارے میں احتیاط سے کام لیا جارہا ہے۔ ماضی میں اپنے دورہ امریکا کے دوران پرویز مشرف پاکستانی کمیونٹی اور اپنی پارٹی کے اجتماعات سے خطاب کے علاوہ امریکی ورلڈ افیئرز کونسل سے بھی خطاب کرتے رہے ہیں۔ اس مرتبہ ابھی تک پر و یز مشرف کے پروگرام کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔