پنجاب میں پھر تبدیلی آگئی، صوبے میں پانچواں چیف سیکریٹری اور ساتواں آئی جی پولیس آگیا۔
جواد رفیق کی جگہ کامران افضل چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کردیے گئے جبکہ انعام غنی کی جگہ راؤ سردار کو آئی جی پنجاب لگادیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی سمری پر وفاقی کابینہ نے نئی تعیناتیوں کی منظوری دے دی اورنوٹیفکیشن جاری کردیے گئے۔
تین سال کے دوران چیف سیکریٹری کی اوسط مدت 9 ماہ اور آئی جی کی اوسط مدت ملازمت 6 ماہ رہی۔
جب سے پنجاب میں عثمان بزدار وزیراعلیٰ بنے ہیں، اس صوبے میں اعلیٰ افسروں کی اتھل پتھل کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
اس بار عثمان بزدار نے اپنی مرضی کے افسر لے لیے، نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر کامران علی افضل کو پانچواں چیف سیکریٹری اور سردار علی خان کو ساتواں آئی جی پنجاب بنا دیا گیا۔
جن چیف سیکریٹریز کو اب تک تبدیل کیا گیا، ان میں اکبر حسین درانی، یوسف نسیم کھوکھر، اعظم سلیمان اور جواد رفیق ملک شامل ہیں۔
اسی طرح آئی جی عہدہ پر اب تک کلیم امام، طاہر خان، امجد سلیمی، عارف نواز، شعیب دستگیر اور انعام غنی تبدیل ہو چکے ہیں۔
سیکریٹریٹ ذرائع کہتے ہیں کہ موجودہ دور میں چیف سیکریٹریز کی اوسط مدت 9 ماہ جبکہ آئی جیز کی اوسط مدت 6 ماہ رہی ہے۔
ان ذرائع کامزید کہنا ہے کہ نئے آفیسر چارج سنبھالنے کے بعد ماتحت بیوروکریسی میں بھی وسیع رد و بدل کریں گے، جس سے سیکریٹریز، کمشنرز، ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز اور ایس پی سمیت دیگر افسروں کے تبادلوں کا بڑا ریلہ آئے گا۔
افسروں کا کہنا ہے کہ وہ نئے محکمے کو سمجھنا تو دور کی بات، ابھی سنبھل بھی نہیں پاتے کہ تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔