وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فیڈرل ہاؤسنگ کی رپورٹ کے طریقہ پر وزیر اعظم عمران خان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں غریبوں کی زمینیں سستی لے کر من پسند افراد کو دی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زمینوں کے حوالے سے کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ڈیٹا مختلف اداروں میں بکھرا ہوا تھا، اب نادرا میں اکٹھا کیا جائے گا، ڈیٹا کے تحفظ کے لیے یہ بہت بڑا قدم ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ غیر انڈین پنجابی فلموں کو پاکستان میں دکھانے کی سفارش کی گئی ہے، سینما بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 31 اگست کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، این آئی آر سی کے چار ممبران کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے سیکیورٹی پلان کی بھی منظوری دی گئی۔