• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف نے NRO دیکر آئین توڑنے سے بڑا جرم کیا، عمران خان

اسلام آباد(جنگ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پرویز مشرف کی جانب سے اپوزیشن رہنمائوں کو این آر او دینے کے فیصلے کو آئین توڑنے سے بڑا جرم قرار دیا اور کہاکہ پیساڈکٹیٹر کا نہیں قوم کا تھا، سارے اکٹھے ہوکر حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں، علیحدہ قانون اور این آر او چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم دیکھتے تھے کہ پاکستان آگے جارہا تھا لیکن پھر پیچھے چلا گیا، 60 کی دہائی میں ہم ترقی کی طرف جارہے تھے مگر آہستہ آہستہ ہمارا ملک اوپر سے نیچے جانا شروع ہوگیا۔

30 سال میں ملک تیزی سے نیچے گیا اور ہر چیز میں دنیا آگے نکل گئی،بنگلادیش بھی پاکستان سے آگے نکل چکا ہے جب کہ قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے۔

وزیراعظم نے اپوزیشن کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ سارے اکٹھے ہوکر حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں، کہتے ہیں ہمارے لیے علیحدہ قانون بنا دو، ہمیں این آر او دے دو، طاقتور ہمیشہ قانون سے اوپر رہنا چاہتا ہے، امیر اور غریب کے لیے الگ قانون ہمارا المیہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پرویز مشرف کے اپوزیشن رہنمائوں کو این آر او دینے کو آئین توڑنے سے بڑا جرم قرار دیا اور کہا کہ مشرف نے این آر او دے کر سب سے بڑا جرم کیا، مشرف نے طاقتور کو این آر او دے دیا، پیسا تو مشرف کا تھا ہی نہیں، پیسا تو قوم کا تھا، ڈکٹیٹر مشرف کے خلاف تحریک میں شامل رہنے پر فخر ہے۔

تازہ ترین