بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس سے شہرت پانے والے وکاس گپتا نے بھارتی شوبز شخصیات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار سدھارتھ شکلا کی ماں اکیلی نہیں ہیں بلکہ اُن کے ساتھ اُن کی دو بیٹیاں ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں وکاس گپتا نے کہا کہ ’تمام مشہور شخصیات اور ان کے پی آر، جو سدھارتھ شکلا ماں کی مدد کرنے کے لیے بے تاب ہیں وہ کہہ رہے ہیں کہ سدھارتھ کی ماں اکیلی ہیں۔‘
وکاس گپتا نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ کو معلوم نہیں تو میں آپ کو بتاتا ہوں کہ سدھارتھ کی ماں کی دو بیٹیاں ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ایک بیٹی سدھارتھ کی بہن اور دوسری بیٹی سدھارتھ کی محبت یعنی شہناز گِل ہے۔‘
وکاس نے کہا کہ ’شہناز گل کو کبھی مت بھولنا کیونکہ اس وقت وہ سب ایک ساتھ ہیں اور ایک فیملی ہیں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہ وہ مضبوط خواتین ہیں جن کو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں بلکہ یہ تو آپ سب کا بھی خیال رکھ سکتی ہیں لہٰذا اگر ضرورت ہو اُنہیں اپنی دُعاؤں میں یاد رکھیں۔‘
واضح رہے کہ تین روز قبل بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نے سونے سے پہلے کچھ دوائیاں لیں جس کے بعد وہ بیدار نہ ہوئے، خاندانی ذرائع نے اداکار کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی ہے۔