اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے ملکی سلامتی یقینی بنانے کیلئے مسلح افواج، پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظرثانی شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت طے کئے گئے قلیل، وسط اور طویل المدتی اہداف کے حصول کیلئے موثر اقدامات اور روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی ایکشن پلان کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کااجلاس جمعرات کوہوا ،اجلاس میں قومی ایکشن پلان کے مختلف حصوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیاجبکہ شرکاء کو ملکی سکیورٹی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
کمیٹی نے ہمسائیہ ملک افغانستان کی صورتحال اور ملک پر اس کے ممکنہ اثرات سمیت دیگر پیشرفت پر غور کیا ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی سلامتی یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے اور شرپسند عناصر کے ساتھ پوری قوت سے نمٹا جائے گا ۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ہر ہدف کے بنیادی کارکردگی اعشاریے متعین کئے جائیں گے تاکہ مقررہ وقت میں تمام اہداف حاصل کئے جاسکیں ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سائبر سکیورٹی ، عدالتی و سول اصلاحات ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے ، پرتشدد انتہاء پسندی کے انسداد اور قومی سلامتی سے براہ راست جڑے دیگر سکیورٹی چیلنجوں سے فوری نمٹنے کے لئے مختلف اقدامات پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے گا ۔