• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسلادھار بارش، بلوچستان میں تباہی، کراچی میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

کراچی، لاہور،(اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ،خبرایجنسی) موسلادھار بارش،بلوچستان میں تباہی، جاندران،گرسنی ،ماوند ،منجھرا ،گران وڈھ و گردونواح میں ندی نالے بپھر گئے،زمینی رابطہ منقطع،کراچی میں ایک ہی خاندان کے 4افراد جاں بحق جبکہ اسٹار گیٹ چھوٹا گیٹ موریہ خان گوٹھ کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جسے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت شریف ولد سہراب کے نام سے ہوئی ۔ موت کی تصدیق کے بعد ورثا لاش بغیر کارروائی اپنے ہمراہ لے گئے۔اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں دیوارگرنے سے خاتون اور 3بچے چل بسے ،خاندان کا سربراہ پانی کے ریلے میں بہہ گیا، آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بارش کے باعث ہاؤسنگ سوسائٹی کی دیوار گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئیں جہاں جاں بحق افراد کی شناخت 28 سالہ سیدہ خاوا زوجہ رسول سعید ، 9سالہ نصیب ولد رسول سعید ، 5 سالہ بشیر اور 7 سالہ منیبہ کے نام سے کی گئی ،متاثرہ خاندان کے سربراہ رسول سعید کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اپنے گھر میں سورہے تھے کہ رات تقریباً تین بجے پانی کا شدید ریلہ پہاڑ کی جانب سے آیا اور ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے تعمیر کی گئی دیوار توڑتا ہوا ان کے گھر اور گلی میں آیا ، ریلہ اتنا شدید تھا کہ وہ پانی میں بہتے ہوئے گھر سے باہر گلی میں جاگرا ، دیوار کا ملبہ پانی کے ساتھ ان کے گھر سے ٹکرایا جس کے باعث ملبے میں دبنے سے ان کی اہلیہ اور تینوں بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، فوری طور پر انہوں نے اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں کو نکالنے کی کوشش کی لیکن شدید بارش اور بھاری ملبے کے باعث ممکن نہ ہوسکا۔

تازہ ترین