سکھر (بیورورپورٹ ) ایف آئی اے سکھر کی کارروائی ، متوفیہ خواتین کے انگوٹھوں کے نشانات پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) میں سے رقوم نکلوانے والے گروہ کا ایک اہم ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے ، گرفتار ملزم کے قبضے سے چیکس ، سیلیکون سے بنے انگوٹھوں کے نشانات ، موبائل فونز اور شناختی کارڈز کی کاپیاں برآمد کی گئی ہیں، ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے ، اس حوالے سے جلد مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری عبدالرؤف کی قیادت میں ٹیم نے خیرپور ضلع کے علاقے رانی پور میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم امداد علی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چیکس ، خواتین کے شناختی کارڈز کی کاپیاں ، متوفیہ خواتین کے سیلیکون سے بنے انگوٹھوں کے نشانات اور موبائل فونز برآمد کرلیے ہیں، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق ملزم کی گرفتاری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام احساس کفالت پروگرام کے ڈی جی کیش ٹرانسفر کی اطلاع اور ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ ہیڈکوارٹر کی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک عرصے سے متوفیہ خواتین کے سیلیکون کے ذریعے انگوٹھوں کے نشانات بنا کر بی آئی ایس پی اور ( ای کے پی ) پروگرام سے رقوم نکلواتا رہا ہے ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔