اسلام کوٹ(نامہ نگار)صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر آراو پلانٹس کا دورہ کرنے تھر پہنچ گئے۔جہاں پر انہوں نے مٹھی اور اسلام کوٹ کے آر او پلانٹس کا دورہ کیا۔جو جزوی طور پر فعال کئے گئے تھے اور نصف سے زائد بورنگ غیر فعال بتائے گئے۔آر او پلانٹ کو چلانے والی نئی کنٹریکٹر کمپنی کے نمائندہ صفدر علی نے بریفنگ دی مگر وہاں موجود منتخب نمائندے بھی آر او پلانٹ کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے کا بتاتے دکھائے دیئے۔اسلام کوٹ میں آر او پلانٹ کے بورنگ خراب ہونے پر صوبائی وزیر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ کمپنی کو فوری درست کروانے کی ہدایات جاری کیں۔اسلام کوٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جو پلانٹ کام نہیں کررہے انکو فوری بحالی کے اقدامات کئے جائیں،کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی مجھے کارکردگی چاہئے ڈپٹی کمشنر تھر سارے کام کی نگرانی خود کریں۔ہمیں بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ تھر میں پانی فراہم کرنا ہے۔محکمہ پبلک ہیلتھ کو جو مسائل ہیں انکو دور کریں گے افسران اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔افسران کارکردگی دکھائیں گے تو ٹھیک ورنہ گھر بھیج دیا جائے گا۔صحت، ترقیاتی منصوبے اور دیگر مسائل بھی ہیں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے۔تھرپارکر کے لئے سولر اسکیم 10 ہیں جن میں سے 5 پر کام جاری ہے۔